۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
خیرپور سے سیہون آنے والی زائرین کی مسافر وین کو حادثہ

حوزہ/ خیر پور سے سیہون جانے والی زائرین کی مسافر وین کو انڈس ہائی وے روڈ پر حادثہ پیش آیا جس کے باعث بچوں، خواتین سمیت 20 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،خیر پور سے سیہون آنے والی زائرین کی مسافر وین کو انڈس ہائی وے روڈ پر حادثہ پیش آیا جس کے باعث بچوں، خواتین سمیت 20 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر سیہون اقبال حسین کے مطابق حادثے میں 20 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افرادمیں 8 خواتین، 6 بچیاں، 4 بچے ، دو مرد بھی شامل ہیں، جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں سے دو افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انڈس ہائی وے روڈ پر ٹول پلازہ کے قریب قلندر کے زائرین کے ساتھ خوفناک حادثہ پیش آیا ، خیرپور سےسہیون آنے والی مسافر وین انڈس ہائی وے روڈ کو لگائے گئے کٹ میں گر گئی، مسافر وین میں معصوم بچے اور خواتین سوار تھے۔

پولیس کے مطابق، وین پانی میں گر گئی تھی، لاشیں نکال کر سیّد عبد اللہ شاہ انسٹیٹیوٹ سیہون منتقل کر دی ہیں، جاں بحق افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے میں کئی افراد زخمی ہیں۔

یاد رہے کہ منچھر جھیل کے سیلابی پانی کو دریائے سندھ میں اخراج کرنے کیلیئے 2 ماہ قبل انڈس ہائی وے روڈ کو کٹ لگایا گیا تھا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کی غفلت کے باعث دو ماہ سے کٹ بند نہیں ہوا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

ایس ایس پی عمران قریشی کی طرف سے بتایا گیا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 20 افراد کی شناخت ہو گئی ہے، جاں بحق افراد میں 7 سالہ عثمان، 4 سالہ محبوب، مسماۃ لیلی، جمن خاتوں، شاہدہ، 9 سالہ شہزادو، 10 سالہ سونہن، 6 سالہ شاہنواز، 5 سالہ مدیحہ، 5 سالہ الہڈتی، 7 سالہ اللہڈنو فلپوٹو، 11 سالہ بینظیر مسماۃ پنجل خاتوں، نجمہ، محمودہ، حیر، دلشاد، سدہیر، کلثوم، شامل ہیں، لاشیں سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ سیہون پہنچادی دی گئی ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .